اسلام آباد راولپنڈی اور اطراف کے شہروں میں کاروبار کی بندش پر ایف پی سی سی آئی کے تاجر پھٹ پڑے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت امن وامان اور کاروبار کو بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے اورحکومت خیبر پختونخوا کے کنٹرول سمیت جو بھی اقدام کرے گی بزنس کمیونٹی اس کی حمایت کرے گی۔
فیڈریشن ہاؤس میں گفتگوکرتے ہوئے عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ سڑکوں کی روزانہ کے بندش سے ملک بھر میں کاروبار کا اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
جبکہ ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیرطفیل نے تویہ بھی کہا کہ حکومت امن وامان کی بحالی کے لیے کے پی میں گورنر راج لگائے کیونکہ امن وامان کی صورتحال خراب ہونے سے خام مال کی ترسیل اور کارخانے بند پڑے ہیں۔
زبیر طفیل نے کہا کہ ذرائع آمد و رفت بند ہونے سے ایکسپورٹ اور امپورٹ کا کام بند ہے،زبیر طفیل نے سوال کیا کہ آخر کب تک ایسے احتجاج جاری رہیں گے۔
سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی اور قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ جب بھی کسی غیر ملکی سربراہ کی پاکستان آمد ہوتی ہے ایسے احتجاج شروع ہوجاتے ہیں۔
وفاق گورنر راج لگا کر صورت حال کو قابو کرے۔سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ وفاقی حکومت امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے جو بھی اقدام کرے ایف پی سی سی آئی اس کی حمایت کرتی ہے۔