اسلام آباد: اسلام آباد کے ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے دھرنا دینے اور حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوشش کے دوران سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا جس کے نتیجے میں شہر کو شرپسندوں سے صاف کر دیا گیا۔
اس آپریشن کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا جاری ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مظاہرین کی اموات ہوئی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے اس پروپیگنڈے کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اپنی ناکامیوں اور کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے اس طرح کی جھوٹی خبریں پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کل رات کے پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن میں کسی قسم کے آتشیں اسلحے کا استعمال نہیں کیا گیا، اور نہ ہی کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ پروپیگنڈا مکمل طور پر بے بنیاد ہے اور اس کا مقصد عوامی جذبات کو مشتعل کرنا ہے۔