پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے اسکواڈز کی تشکیل پر مشاورت حتمی مراحل میں داخل ہوگئی۔
زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے اختتام یا پہلے ٹی ٹونٹی میچ کے بعد اسکواڈز کا اعلان متوقع ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر اتفاق کیا گیا ہےجبکہ سینئر بیٹرز اور بولرز کو اس فارمیٹ میں آرام دینے کی تجویز دی جا رہی ہے۔
ون ڈے سیریز کے لیے ایک مضبوط اسکواڈ تشکیل دینے کی تیاری ہے، جس میں کپتان بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کی واپسی یقینی ہے۔ وائٹ بال ٹیم میں اوپنر فخر زمان کی واپسی کا بھی قوی امکان ہے کیونکہ چیمپئنز ٹرافی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی موجودگی کو ٹیم کے لیے ضروری سمجھا جا رہا ہے۔
ریڈ بال اسکواڈ کے لیے امام الحق کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے اور ٹیسٹ کھلاڑیوں کے لیے جنوبی افریقہ میں کیمپ لگانے کی منصوبہ بندی جاری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کے دورے میں تین ون ڈے، تین ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔ یہ سیریز 10 دسمبر سے 7 جنوری تک کھیلی جائے گی، جس میں وائٹ بال اور ریڈ بال دونوں فارمیٹس میں پاکستانی ٹیم کے مضبوط کمبی نیشن کا امتحان ہوگا۔