محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں آج رات سے پیر کے روز تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے نئے سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، صوابی، چارسدہ اور نوشہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 28نومبر سے بلوچستان اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 28نومبر سے 2دسمبر تک کوئٹہ، پشین، زیارت، قلعہ سیف اللہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ میں 28سے 2دسمبر تک پہاڑی علاقوں میں برفباری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے، 29نومبر سے دو دسمبر تک وزیرستان، کرم، مہمند، دیر، چترال، خیبر، سوات، ملاکنڈ، مانسہرہ، کوہستان، گلگت بلتستان، قلات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29نومبر سے 2دسمبر تک خطہ پوٹھوہار، مری، گلیات، اسلام آباد، میانوالی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔بارش کے بعد پنجاب کے علاقے میں فضائی آلودگی میں مزید کمی کا امکان ہے، پنجاب کے میدانی علاقوں میں آنے والے دنوں میں دھند کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اس دوران صوبہ کے دیگر اضلاع ہنگو، کرک بنوں، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈی آئی خان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
جاری الرٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو بارش/برفباری کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
بارشوں کے دوران عوام کو بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائین بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے اورکسان حضرات کو موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے اور حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچانے کا کہا گیا ہے۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کرنے اورسیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔