پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے احتجاج میں کنٹینر سے ایک شخص کی گرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی ، جس میں ایک شخص کو کنٹینر سے گرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ جسےمبینہ طور پر رینجرز اہلکار نے دھکا دیا تھا، اور اس کے نتیجے میں اس کی موت کا دعویٰ کیا جا رہا تھا۔
یہ ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر پھیل گئی اور مختلف قیاس آرائیاں جنم دیں۔ تاہم اس حوالے سے ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک شخص نے خود کو وہی شخص قرار دیا جو کنٹینر سے گرا تھا۔ اس نے وضاحت کی کہ وہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے گیا تھا اور اپنے دوستوں کے ساتھ شرط لگانے کے لیے پی ٹی آئی کے احتجاجی کنٹینر پر چڑھ گیا تھا۔
اس شخص نے مزید کہا کہ رینجرز نے انہیں احتجاجی کنٹینر سے اترنے کے لیے کہا تھا، لیکن جب انہوں نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو وہ گر گئے۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ رینجرز نے بعد میں اسے طبی امداد فراہم کی اور اس سے معافی مانگی۔ اس شخص نے اپنی ویڈیو میں دوسروں کو مشورہ دیا کہ وہ اس طرح کا خطرہ نہ مول لیں اور اس قسم کے غیر ضروری کاموں سے بچیں۔