وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک کی ترقی روکنے کیلئے انتشار کا راستہ اپنایا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی سی ایم ایچ راولپنڈی آمد، جہاں انہوں نے پی ٹی آئی کے احتجاج میں زخمی ہونے والے رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کی۔ مریم نواز نے زخمی ہو نیوالے سکیورٹی اہلکاروں کی فرض شناسی کی تعریف کی۔
زخمی اہلکاروں نے احتجاج کے دوران تشدد بارے میں بتایا، زخمی اہلکار نے کہا کہ مظاہرین کے تشدد سے بیشتر پولیس اہلکاروں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں، آنکھیں متاثر ہوئیں۔ایک زخمی اہلکار نے بتایا کہ مظاہرین کے بے رحمانہ تشدد سے اہلکار کی کھوپڑی بھی متاثر ہوئی۔
مظاہرین نے کیل والے ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا، پی ٹی آئی ورکرز نے پولیس پر نزدیک سے نشانہ لے کر گولیاں برسائیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے زخمی اہلکاروں کو تسلی دی اور حوصلہ بڑھایا، زخمی اہلکاروں نے کہا کہ آپ کا دست شفقت رہا تو جلد صحت یاب ہو کر واپس آئیں گے۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھاکہ رینجرز اور پولیس اہلکار قوم کےبیٹے ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے، سکیورٹی اہلکاروں پر بے رحمانہ تشدد کرنے والے مظاہرین کو نہیں چھوڑیں گے، مریم نواز نے کہا کہ ریاستی اداروں، املاک اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں۔
پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کا امن بحال کر رہے ہیں، شرپسند سیاسی جماعت کو جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں پر حملے کرتے ہوئے شرم آنی چا ہیے تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وفاقی اور حکومت پنجاب زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی مقروض ہے۔
ہم زخمی سکیورٹی اہلکاروں اور ان کے خاندان کیساتھ کھڑے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں کو زخمی کرنے والے پی ٹی آئی کے شرپسندوں کو نہیں چھوڑیں گے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، ان کو ایسی کڑی سے کڑی سزا دلوائیں گے جو مثال بنے گی۔