پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے یورپی ممالک میں عائد پابندی کے خاتمے کے بعد پاکستان سے پیرس کے لیے پروازیں نئے سال کے آغاز پر جنوری سے چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ اور امریکا کی پروازیں ایئر فرانس کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدے کے تحت آپریٹ کی جائیں گی۔ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) کی جانب سے پی آئی اے سمیت پاکستانی ایئرلائنوں پر عائد پابندی ختم کیے جانے کے بعد قومی ایئرلائن کی انتظامیہ نے پاکستان سے پیرس کے لیے براہ راست پروازوں کے دوبارہ آغاز کی تیاری شروع کر دی۔
پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کا چار سال بعد از سر نو آغاز ہوگا۔ پیرس کی پروازوں کے لیے تشہیری مہم اور بکنگ کا آغاز دسمبر کے اوائل سے وسط تک متوقع ہے۔ ایاسا کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے بعد اگلے مرحلے میں برطانیہ کے مختلف شہروں جیسے لندن اور برمنگھم کی پروازوں کو ایئر فرانس کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدے کے تحت چلایا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ برطانیہ میں پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کے لیے ایاسا کی طرز پر اقدامات کیے جائیں گے اور برطانوی ہوابازی کے ادارے کی پاکستان آمد بھی متوقع ہے۔ برطانیہ میں پی آئی اے کی بحالی میں مزید دو ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران پی آئی اے نے ترکی کی ایئرلائن کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدے کے تحت یورپی روٹس پر پروازیں آپریٹ کی تھیں۔