ملتان: پاکستان چوتھے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر عالمی چیمپئن بن گیا۔
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے اورپاکستان کو جیتنے کے لیے 140 رنز کا ہدف دیا،پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 140 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 10.2 اوورز میں ہی پورا کرلیا۔
بنگلہ دیش بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے عارف حسین 54 رنز بناکر نمایاں رہے، ایم ڈی سلمان 31، عاشق الرحمان 22 رنز بنانے میں کامیاب رہے جبکہ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے بابر علی نے 2، محمد سلمان، مطیع اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔140 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے محمد صفدر اور نثار علی نے اننگز کا آغاز کیا اور بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10.2 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرکے قومی ٹیم کو چیمپئن بنوادیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی بار بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے اور قومی ٹیم پورے ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہی، اس سے قبل کھیلے گئے تینوں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھارت نے جیتے تھے۔