وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پانی کی کمی دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، پانی کے شعبے میں بہتری اور کمی کو پورا کرنے کے لیے اقدامات اور مشترکہ کاوشیں کرنی ہوں گی۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ون واٹرسربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پانی کی کمی سے خشک سالی بڑھ رہی ہے، پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیےعالمی سطح پراقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، 2022 کے سیلاب نے پاکستان میں بہت تباہی مچائی ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پانی کے وسائل کو محفوظ رکھنے کے لیے اہم اقدامات کرنا ہوں گے، پانی کے شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر اقدامات سمیت ویژن 2030 پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
قبل ازیں سعودی عرب کے شہر ریاض پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبد العزیز نے وزیراعظم کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبال کیا، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق، پاکستانی و سعودی اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک ثقافت، معیشت، تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون رکھتے ہیں، وزیر اعظم یہ دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہے ہیں، ان کا رواں برس کے دوران برادر اسلامی ملک کا 5واں دورہ ہے۔