پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اجلاس ملتوی ہو گیا، آنے والے دنوں میں قوم کی توقعات سے بڑھ کر فیصلہ ہوگا۔
ملک میں تمام گراؤنڈز کی حالت جلد بہتر ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے اجلاس تھا جو ملتوی ہوگیا، جیسے ہی چیزیں حتمی طور پر طے ہوجائیں گی سب بتادیا جائے گا۔
محسن نقوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے، سب بہتر ہوگا، آنے والے دنوں میں قوم کی توقعات سے بڑھ کر فیصلے ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ قبل از وقت شرائط کے حوالے سے اس وقت کوئی بات نہیں کروں گا۔
آئی سی سی کے اجلاس میں فیصلوں کی منظوری کے بعد ہی حتمی بات کی جائے گی، کچھ چیزیں حقیقت پر مبنی نہیں، ہم پاکستان اور بین الاقوامی کرکٹ کے لیے بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس وقت بات چیت چل رہی ہے کسی بھی چیز پر تبصرہ نہیں کروں گا، اگر آئی سی سی کام کرے گا تو پوری دنیا کی کرکٹ بہتر ہوگی، مجھے امید ہے سب بہتر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جہاں گراؤنڈز نہیں ہیں وہاں زمین خریدی جائے گی، جو میدان پہلے سے موجود ہیں ان کی حالت بہتر کرنی ہے، ہر شہر میں گراؤنڈز کو فعال کرنے پر ہماری توجہ مرکوز ہے۔