وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتشار اور بدامنی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، جہاں بھی انتشار ہوگا، ہم اُس کے سامنے کھڑے ہوں گے۔
لاہور کے علاقے بہار کالونی میں کرسچن برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم کرسمس کی خوشیوں میں آپ کے ساتھ ہیں اور ہر خوشی و غم میں آپ کا یہ بھائی آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرسچن کمیونٹی نے دنیا کے بہترین فائٹر پائلٹ پیدا کیے اور اس کمیونٹی کا کردار قومی ترقی میں اہم ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ان کی ذاتی ذمہ داری ہے کہ وہ اقلیتی برادری کا تحفظ کریں اور پاکستان کی حفاظت اور ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے جس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اطلاعات نے سول نافرمانی کی کال کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ نافرمانی اور تشدد کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، اور اس جھوٹے بیانیے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اس سیاسی نعرے کو رد کر دیا ہے، اور جو لوگ اس پر عمل کر رہے ہیں، ان کا مستقبل تاریک ہے۔
عطا تارڑ نے خیبرپختونخوا کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے لطیف کھوسہ کی سیاست پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ وہ اب اس عمر میں اس طرح کی سیاست کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ وہ انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے اور نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے۔