سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ فیض حمید کے خلاف کارروائی 14 دسمبر سے پہلے شروع ہو جائے گی۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد میں چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول سے ملاقات کی، جس میں ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال، انیس قائمخانی، امین الحق اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک تھے۔ ملاقات کے بعد فیصل واوڈا، خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ان کا تمام سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کا مقصد صرف نیشنل کاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں آیا، میں دوستی اور دشمنی دونوں کھل کر نبھاتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت میں تمام سیاسی جماعتوں کا کردار اہم ہے اور وہ اور مصطفیٰ کمال پیار سے بھی بات کرتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر سخت فیصلے بھی کر سکتے ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرنا ہوگا۔ پاکستان اب مزید دھرنوں اور احتجاجوں کی برداشت نہیں کرسکتا۔ اگر پی ٹی آئی کی طرف سے حرکتیں صحیح سمت میں کی گئیں تو یہ اچھی بات ہوگی۔ عمران خان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں اور ان کی جان پر سیاست کی جا رہی ہے۔ عمران خان کی بیوی اور قیادت اس پر کام کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورمولا جٹ کی سیاست کر رہے ہیں۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ وہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے پاس جائیں گے اور ملک کی موجودہ مشکل صورتحال سے نکلنے کے لیے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ سب کا مینڈیٹ تسلیم کرنا ہوگا، ہمیں بانی پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو بھی تسلیم کرنا ہوگا۔