نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے عوام کی سہولت کے پیش نظر 10 سال تک عمر کے بچوں کے ب فارم کے اجرا کی سہولت ای سہولت مراکز پر فراہم کر دی ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق والدین یونین کونسل سے جاری شدہ برتھ سرٹیفکیٹ کے ہمراہ اپنے گھر کے قریب واقع ای سہولت فرنچائز پر جا کر بچے کا ب فارم بنوا سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق قریبی ای سہولت فرنچائز کی معلومات حاصل کرنے کے لیے مکمل فہرست اس لنک پر دستیاب ہے: https://www.nadra.gov.pk/eSahulatFranchises
دوسری جانب قومی شناختی نظام کی مکمل درستی اور مزید استحکام کے لیے نادرا نے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سول رجسٹریشن ریکارڈ اور قومی شہری ڈیٹا بیس کے درمیان مطابقت کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
نادرا آرڈیننس اور شناختی کارڈ رولز کے تحت سول رجسٹریشن نظام میں بطور متوفی درج افراد کے شناختی کارڈ منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
نادرا کے مطابق اس عمل کے تحت 42 لاکھ شناختی کارڈ منسوخ کیے گئے ہیں، کیونکہ لواحقین نے متوفین کا اندراج تو صوبائی اداروں میں کروا دیا تھا مگر نادرا کے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ نہیں کروایا گیا تھا۔
ادارے کے مطابق حالیہ معاون اقدامات کے نتیجے میں 30 لاکھ افراد کے لواحقین نے خود بھی شناختی کارڈ منسوخ کروائے، جبکہ سول رجسٹریشن نظام میں وفات کے اندراج کے باوجود 42 لاکھ شناختی کارڈز فعال رہے تھے جنہیں اب منسوخ کر دیا گیا ہے۔