راولپنڈی: ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی بریت کی درخواست مسترد کر دی۔
دو رکنی بینچ جسٹس مرزا وقاص روف اور جسٹس سرفراز ڈوگر پر مشتمل تھا، جس نے سماعت کے دوران کہا کہ چونکہ ٹرائل ابھی شروع نہیں ہوا، اس لیے بریت کی درخواست کا معاملہ زیر غور نہیں آ سکتا۔ عدالت نے مزید کہا کہ جب گواہان کے بیانات آئیں گے تب ہی یہ طے ہو سکے گا کہ بریت بنتی ہے یا نہیں، اور اس کے بعد دوبارہ درخواست دی جا سکتی ہے۔ شیخ رشید کی بریت کی درخواست انسداد دہشت گردی عدالت نے خارج کی تھی، جسے انہوں نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا
یاد رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہوا تھا۔