اٹامک انرجی کینسر ہسپتال نوری، انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے تعاون سے ایک علاقائی تربیتی کورس کی میزبانی کر رہا ہے۔ کورس کا افتتاح نوری میں ہوا۔
ڈاکٹر محمد فہیم، ڈائریکٹر نوری نے شرکاء اور معززین کو خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر شازیہ فاطمہ ڈائریکٹر جنرل نیوکلیئر میڈیسن اینڈ آنکولوجی، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔
بعد ازاں ڈاکٹر حمیرا محمود، کنسلٹنٹ ریڈی ایشن آنکولوجسٹ، ہیڈ آف آنکولوجی اینڈ ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن میں ریڈیو تھراپی کے علاج کے مختلف پہلو شامل تھے اور تمام شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر کاشف اقبال، کنسلٹنٹ ریڈی ایشن آنکولوجسٹ نے بھی تابکاری سے علاج اور اس کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں ایک جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے ریڈی ایشن ٹریٹمنٹ کے ورک فلو کی بھی وضاحت کی۔
پاکستان بھر سے شرکاء کے علاوہ بارہ ممالک کے مندوبین شامل بھی کورس میں شرکت کر رہے ہیں۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ریز آف ہوپ اقدام کے تحت اٹامک انرجی کینسر ہسپتال نوری کو اینکر سنٹر قرار دیا ہے۔
رواں کورس پانچ روزہ تعلیمی سرگرمی ہے جس میں ریڈیو تھراپی کے مختلف طبی اور عملی پہلو شامل ہیں۔ ملک بھر سے تکنیکی ماہرین معلوماتی لیکچر دیں گے اور اپنے تجربے اور علم کا تبادلہ کریں گے۔ کورس 13 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔