پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
جیسن گلیسپی کے استعفے کے بعد پی سی بی نے عاقب جاوید کو ریڈ بال کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔ عاقب جاوید پہلے ہی وائٹ بال کے عبوری ہیڈ کوچ ہیں۔
پی سی بی کے مطابق عاقب جاوید کی پہلی اسائنمنٹ جنوبی افریقا کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہوگی، جو 26 سے 30 دسمبر تک سنچورین کے سپر اسپورٹ پارک میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت جنوبی افریقا میں تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل رہی ہے، جس کے بعد تین ون ڈے میچوں کی سیریز بھی شیڈول ہے۔
جیسن گلیسپی کے استعفے سے قبل خبر آئی تھی کہ انہوں نے جنوبی افریقا جانے سے انکار کردیا تھا۔ گلیسپی کو جنوبی افریقا پہنچنا تھا، جہاں انہیں پری ٹیسٹ کیمپ کی نگرانی کرنی تھی لیکن ذرائع کے مطابق انہوں نے پی سی بی کی جانب سے ریڈ بال ٹیم کے کوچ ٹم نیلسن کے معاہدے میں توسیع نہ ہونے کے بعد جنوبی افریقا جانے سے انکار کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ گلیسپی نے ذاتی وجوہات کی بنا پر جنوبی افریقا نہ جانے کا فیصلہ کیا تھااور پی سی بی نے ان سے مستقبل میں کوئی ذمہ داریاں نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔