اسلام آباد: اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک احتجاج میں گرفتار 32 ملزمان کو کیسز سے ڈسچارج کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق، یہ ملزمان رات گئے شناخت پریڈ کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کے سامنے پیش ہوئے۔ جج نے ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جہلم جیل سے پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو 25 نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا، تاہم شناخت پریڈ ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی تھی، اور ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 30 دن کی توسیع کی درخواست کی گئی
ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ پولیس نے محض نمبر پورا کرنے کے لیے مزدوروں کو گھروں سے گرفتار کیا تھا۔
جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اس پر سخت ریمارکس دیے اور عدالت میں موجود 32 ملزمان کی ہتھکڑیاں کھلوا کر انہیں کیسز سے ڈسچارج کر دیا۔ جج نے یہ بھی کہا کہ اگر پولیس نے دوبارہ ان ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو پولیس اہلکاروں کو خود ہتھکڑیاں لگا دی جائیں گی
یاد رہے کہ پولیس نے ڈی چوک سے گرفتار 32 ملزمان کی گرفتاری تھانہ آئی نائن اور تھانہ مارگلہ کے مختلف کیسز میں ظاہر کی تھی۔