پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور پیر پگارا پیر صبغت اللہ شاہ راشدی نے پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ قومی سلامتی اور استحکام کے لیے مضبوط فوج کی ضرورت ہے۔
سندھ میں اپنے مریدوں اور عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاک فوج کی دہشتگردی کے خلاف جنگ اور اس کی قربانیوں کو سراہا۔پیر پگارا نے کہا کہ عوام کو ثابت قدمی سے پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور یہ کہ ملک کی سلامتی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
8 دسمبر کو سانگھڑ میں ہزاروں مریدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ آپ سب اپنے بچوں کو بتائیں کہ چاہے خوشی ہو یا غم، فوج ہماری ہے اور ہم فوج کے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کا مقابلہ سیاستدانوں کی بجائے فوج نے کیا ہے، اور اس وقت ملک کی حالت کو دیکھتے ہوئے سیاست نہیں بلکہ ملک کی حفاظت کو مقدم رکھنا چاہیے۔
صبغت اللہ شاہ راشدی نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں کوئی قومی سطح کا لیڈر نہیں بچا، لیکن فوج ہی وہ ادارہ ہے جس نے فیڈریشن کو بچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی بدولت ہماری سرحدیں محفوظ اور ہماری عزت کی حفاظت ہو رہی ہے، اور جن ممالک کی فوجیں کمزور ہیں وہ دنیا میں رسوائی کا شکار ہو رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ہم اپنی فوج کو کمزور کریں گے تو ہم بھی مشکلات کا شکار ہوں گے، لیکن اگر ہم اپنی فوج کے ہاتھ مضبوط کریں گے تو ہمارا ملک مضبوط ہوگا۔