وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلا نے کے سوا کچھ نہیں ، ہمارا ایجنڈا ہے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کئے جائیں ۔
تفصیلات کے مطابق سوات میں نادرا کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ نادرا کے دفترکے افتتاح سے سوات کے عوام کی مشکلات کم ہونگی۔
امیرمقام نے کہا کہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی ترقی کے لیے دن رات کام کررہے ہیں، نادرا دفترکے قیام سے خواتین کوسہولت ملے گی جبکہ نادرا میگا سینٹرکے قیام کیلئے بھی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوامیں قیام امن ضروری ہے، کے پی کے میں ترقیاتی کاموں اورمنصوبوں کے لیے عوام ترس رہی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے سخت محنت کرکے مہنگائی پرقابو پایا۔
مہنگائی کی شرح کم ہوکرسنگل ڈیجٹ پرآگئی ہے۔ امیرمقام کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے سیاسی ایندھن کے لئے عوام کواستعمال کررہی ہے، عوام اپنے حقوق حاصل کرنے کیلئے پی ٹی آئی کا گریبان پکڑے ۔