قومی احتساب بیورو (نیب ) نے ملک میں جعل سازوں کے نت نئے طریقوں سے عوام کو لوٹنے پر انتباہ جاری کردیا۔
نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جعلساز نت نئے طریقوں سے عوام سے محنت کی کمائی لوٹ رہے ہیں، عوام غیر رجسٹرڈ ہاؤسنگ اسکیموں کی فائلوں کی خرید و فروخت نہ کریں، اے ٹی ایم کارڈ بلاک ہونے کے جعلی پیغامات پر جواب یا تفصیلات نہ دیں۔
نیب نے کہا ہے کہ عوام غیر قانونی ڈپازٹ اور پرائیویٹ لون ایپس پر بھی اعتبار نہ کریں، ملٹی لیول مارکیٹنگ، پونزی اسکیمیں اور آن لائن لاٹری جیسے فراڈ اور اسکیم سے محفوظ رہیں ، سرمایہ کاری کے بدلے میں غیر حقیقی انعام کا وعدہ بھی فراڈ کی قسم ہے، کرپٹو کرنسی کی آن لائن ٹریڈنگ کے فراڈ سے بھی محتاط رہا جائے۔
نیب نے پیغام میں مزید کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ فنڈز کے جعلی پیغامات بھی بڑھ گئے ہیں، فارن کرنسی کی آن لائن ٹریڈنگ بھی فراڈ ہے، عوام اپنے بینک اکاؤنٹ کی معلومات کسی کو نہ دیں، زیادہ اور غیر حقیقی منافع کے لالچ میں نہ آئیں اور تصدیق کرلیں کہ سرمایہ کاری کی اسکیم مجاز اتھارٹی سے منظور شدہ ہے۔
نیب کا مزید کہنا ہے کہ مالی فراڈ اور دھوکا دہی سے بچیں، عوام اپنی ذاتی یا بینک اکاؤنٹ کی معلومات مت دیں، سرمایہ کاری کی شرائط وضوابط اچھی طرح پڑھ اور سمجھ لیں۔