پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی رضا مندی کےبغیرمذاکرات ناممکن ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کے بعد بھی بانی پارٹی عمران خان نے مذاکرات سے صاف انکارکیا، انہوں نے کہا کہ6 مئی کو معاہدہ ہو جاتا تو سانحہ 9مئی نہ پیش آتا۔
پی ٹی آئی کیخلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کو واپس لینےکی کوشش کو تسلیم نہیں کیا گیا، بانی تحریک انصاف لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)فیض حمید کو آرمی چیف بنانا چاہتے تھے۔
عمران خان چیف الیکشن کمشنر بھی تبدیل کرنا چاہتے تھے، اگر بانی کامیاب ہو جاتے تو فاشزم کا نیا جہان تشکیل پاتا۔ رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا منصوبہ روکنے کے لئے عدم اعتماد کا پلان بنایا گیا۔
تجویز تھی کہ آدھی مدت پیپلزپارٹی اور آدھی مدت مسلم لیگ ن حکومت کرے، پیپلزپارٹی نے اس تجویز کو ماننے سے انکار کیا۔ قمرزمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم منظورکرنا وقت کی اہم ضرورت تھی۔
ہم نےمدارس رجسٹریشن بل کوووٹ دیا ہے، چیئرمین پارٹی بلاول بھٹو زرداری مدارس رجسٹریشن کے معاملے پر سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ کھڑے ہیں ۔