آرمی پبلک اسکول پشاور میں10 سال قبل سفاک دہشتگردوں نے علم حاصل کرنیوالے معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا، اس حملے میں معصوم طلباء سمیت 147 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔
16 دسمبر 2014 کو ملک کی تاریخ کا المناک واقعہ رونما ہوا،جب چھ دہشت گرد دیوار پھلانگ کر آرمی پبلک اسکول میں داخل ہوئے، جدید اسلحہ سے لیس اور سرکاری اہلکاروں کی وردیوں میں ملبوث دہشتگردوں نے علم کی پیاس بجھانے والے طلباء پر اندھا دھند گولیوں کی بوچھاڑ کی۔
دہشت گردوں کی فائرنگ سے معصوم طلباء اور بے گناہ اساتذہ خون میں لت پت ہوگئے، سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر پہنچ کر اے پی ایس کا گھیراؤ کیا اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چھ خودکش حملہ آوروں کو طویل آپریشن کے بعد مار ڈالا۔
درندہ صفت دہشتگردوں کے حملے میں 122 معصوم طلباء سمیت 147 افراد شہید ہوئے، دہشتگردوں سے مقابلے میں دو افسروں سمیت 9 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
آرمی پبلک اسکول حملے میں ملوث 6 دہشتگردوں کو سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کیا جنہیں ملٹری کورٹس نے موت کی سزائیں سنائیں ، سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا اور قبائلی علاقوں سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا گیا
شہداء کے لواحقین جب بھی اپنے پیاروں کو یاد کرتے ہیں تو غم سے نڈھال ہوجاتے ہیں تاہم جب قربانی دینے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے تو لواحقین کے حوصلے بڑھ جاتے ہیں ، سانحہ آرمی پبلک اسکول کے نتیجے میں جہاں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوا وہیں علم دشمن عناصر کے ناپاک ارادے بھی خاک میں مل گئے۔
سانحہ اے پی ایس کے دس سال مکمل ہونے پر صدر زرداری اور وزیراعظم کا پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحہ اے پی ایس کے 10 سال ہونے پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے شہدائے اے پی ایس کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس جیسے واقعات دہشتگردوں اور خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں ، سانحہ اے پی ایس نے ہمیں دہشتگردی کے خلاف بحیثیت قوم متحد کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشتگرد 144 معصوم جانوں کو ہم سے ہمیشہ کیلئے جدا کرگئے، وقت اس سانحے اور ان معصوم بچوں کی جدائی کا صدمہ مٹا نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی ملک دشمن عناصر کی ایما پر دہشتگرد معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بناتے ہیں ، سکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر سے ہمت اور جواں مردی سے نبرد آزما ہیں۔