بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ، نوبل انعام یافتہ محمد یونس نے کہا ہے کہ اگر انتخابی اصلاحات پہلے مکمل کرلی جائیں تو بنگلہ دیش میں انتخابات کا انعقاد 2025 کے آخر تک کیا جاسکتاہے۔
عالمی خبر رساں ادارے مطابق کے عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے کہا ہے کہ بنگلا دیش میں انتخابات 2025 کے آخر میں یا 2026 کے اوائل میں ہوسکتے ہیں، 17 کروڑ اور 35 لاکھ سے زائد آبادی والے ملک میں مسلسل آمرانہ حکومت ک بعد اب جمہوری اداروں کی بحالی انتہائی سخت امتحان ہے۔
عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے مزید کہا کہ جمہوری اداروں کی مکمل بحالی کے لیے میں نے ہمیشہ انتخابات سے پہلے اصلاحات کا مشورہ دیا تاہم انتخابات کی تاریخ کا تعین اس بات پر منحصر ہے کہ سیاسی جماعتیں انتخابات یا اصلاحات میں سے پہلے کس چیز پر متفق ہوتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں معمولی اصلاحات کے ساتھ الیکشن کرانے پر راضی ہو جائیں جیسے کہ بے عیب ووٹر لسٹ ہونا تو الیکشن نومبر کے آخر تک ہو سکتے ہیں۔
محمد یونس نے یہ بھی کہا کہ انتخابی اصلاحات کی مکمل فہرست شامل کرنے سے انتخابات میں چند ماہ کی تاخیر ہو جائے گی۔
عبوری حکومت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مکمل اصلاحات کے ساتھ انتخابات کی تاریخیں 2025 کے آخر یا 2026 کے پہلے نصف تک طے کی جا سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ عبوری حکومت کے کچھ وزرا اور اکثر سیاسی قائدین شیخ حسینہ واجد اور ان کی جماعت پر مخالفین کو جبری طور لاپتا کرنے، قید میں رکھنے، تشدد اور قتل جیسے مقدمات کا فیصلہ آنے تک الیکشن نہ کرنے کے حق میں ہیں۔