سعودی عرب میں شمسی توانائی سے چلنے والی پہلی گاڑی متعارف کرائی گئی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی نے اخبار 24 کے حوالے سے بتایا کہ سولر سسٹم سے لیس گاڑی دن میں شمسی توانائی جبکہ رات میں اسٹوریج الیکٹرک سسٹم سے چلائی جاسکتی ہے۔
ریاض میں لاجسٹک سروسز کی نمائش میں شریک ’وی گو‘ گروپ کے سی ای او عبداللہ السبیعی نے کہا کہ اپنی نوعیت کی پہلی گاڑی ہے جو مکمل طورپر شمسی توانائی سے چلتی ہے۔
عبداللہ السبیعی یونیورسٹی کے طالب علم ہیں انہوں نے اپنے فارغ وقت کو مصروف کرنے کے لئے سولر انرجی وہیکل مملکت میں متعارف کرائی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پراپنی نوعیت کی پہلی کار ہے جو مکمل طورپر سولرسسٹم سے چلتی ہے۔ اس گاڑی کی خصوصیت یہ ہے کہ دن میں براہ راست سورج کی روشنی سے گاڑی چلتی ہے جبکہ رات میں اسے بجلی کے ذریعے چارج کرکے چلایا جاسکتا ہے۔
عبداللہ السبیعی کا کہنا تھا کہ کارکی بیٹری کو ایک بار چارج کرنے کے بعد 500 کلو میٹر تک باآسانی چلایا جاسکتا ہے، کار میں نصب بیٹری کو چارج کرنے کے دوآپشنز دیے گئے ہیں جن میں سولر سسٹم اور دوسرا الیکٹریکل چارجنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی چین سے الیکٹرک موٹرسائیکل تیار کراتی ہے جو ایک مرتبہ چارج کرنے پر 150 کلو میٹر تک کی مسافت باآسانی طے کرسکتی ہیں۔’وی گو‘ گروپ کے سی ای او کا کہنا تھاچین سے مطلوبہ گاڑیاں تیار کرانے کے بعد انہیں سعودی عرب میں اسمبل کیا جاتا ہے جس سے سعودی نوجوانوں کو بھی اس صنعت میں مہارت حاصل ہوتی ہے۔