الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 21 میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار حسن ظہری نے حلقے میں دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی تھی جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے محمد صالح بھوتانی پی بی 21 سے کامیاب ہوئے تھے۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کیس ریمانڈ بیک کرتے ہوئے 30 دن کے اندر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر آج الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کا حکم جاری کیا۔
یاد رہے کہ پی بی 21 حب سے بلوچستان عوامی پارٹی کے محمد صالح بھوتانی نے 30 ہزار 910 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار حسن ظہری 14 ہزار 120 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے تھے۔
جون 2024 میں بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 21 حب پر دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔ اس کیس کی سماعت بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس اقبال کسی نے کی تھی۔
عدالت نے 39 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کا حکم دیا تھا، جس پر عملدرآمد کی مدت 3 ہفتے تھی۔