امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی درخواست پر جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کردیا
ٹرمپ نے کہا کہ فی الحال ایران پر حملہ نہیں کریں گے اور مذاکرات کے اختتام تک جنگ بندی میں عارضی توسیع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہ موجودہ حالات میں ایران کے خلاف کارروائی سے گریز کیا جائے تاکہ سفارتی کوششوں کو موقع دیا جا سکے۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ طویل مدت کے لیے جنگ بندی کے حامی نہیں ہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں یہ فیصلہ وقتی طور پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ک فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور صورتحال کو مزید نہ بگاڑنے کا کہا گیا، جس کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ اگر مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئے تو مستقبل میں سخت فیصلے کیے جا سکتے ہیں، تاہم اس وقت ترجیح خطے میں کشیدگی کو کم کرنا اور بات چیت کے ذریعے حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکا اپنی سلامتی اور مفادات کا ہر صورت تحفظ کرے گا۔
دوسری جانب اس پیش رفت کو عالمی سطح پر اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ جنگ بندی کے خاتمے سے قبل اس طرح کا بیان خطے میں ممکنہ کشیدگی کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام وقتی سکون کا باعث بن سکتا ہے، تاہم مستقل امن کے لیے فریقین کے درمیان بامعنی مذاکرات ناگزیر ہوں گے۔

