اسلام آباد: منصوبہ بندی اور ترقی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے امریکا میں پاکستان کے خلاف لابنگ شروع کر رکھی ہے اور میزائل پروگرام پر امریکی پابندیوں کا کریڈٹ بھی پی ٹی آئی کو جاتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کی ریاست کے دشمنوں کے ساتھ ہاتھ ملایا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر ایسے لوگ ہیں جو سیاسی تجربے رکھتے ہیں، لیکن اڈیالہ جیل میں موجود شخص کا رویہ انتشار پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کی خواہشوں کو سمجھنا ضروری ہے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ 190 ملین کیس کا فیصلہ قریب ہے، جو اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، اور سوال کیا کہ کیا پی ٹی آئی اس وقت اپنے لیے کوئی این آر او حاصل کرنا چاہتی ہے۔
مدارس رجسٹریشن بل پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان قابل احترام ہیں اور مدارس بل کے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ملک میں سیاسی استحکام ہے اور سیاسی درجہ حرارت کو کم رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ 26 ویں ترمیم پر اپوزیشن کے ساتھ اتفاق رائے سے کام کیا گیا اور پارلیمانی کمیٹی بنائی گئی
دوسری جانب، ماہر قومی سلامتی امور سید محمد علی نے جیو نیوز کے پروگرام میں کہا کہ بائیڈن انتظامیہ اپنے آخری دنوں میں ٹرمپ انتظامیہ کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے، لیکن انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام پر ان پابندیوں کا اثر نہیں پڑے گا۔