پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنماء و سابق سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کا فیصلہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان ٹرائلز میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے، ایسے فیصلوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اوراس کو ہر فورم پر چیلنج کرنے سے کسی صورت گریز نہیں کریں گے۔
عدالت عظمیٰ کے فیصلے نے ہمیں بہت مایوس کیا۔ پی ٹی آئی کے رہنمااسد قیصر نے کہا کہ شہری اپنے بنیادی حق سے محروم کردیئے گئے، عدالتیں کمپرومائز ہوں تو ملک میں مایوسی پھیلے گی ۔
ملک میں اس وقت عدالتی نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے جو ملک و قوم کیلئے المیہ سے کم نہیں، انصاف کے حصول کےلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ہر پلیٹ فارم پر اپنے حق کیلئے آواز بلند کریں گے۔