وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق مزید کچھ فیصلے ایک سے دو دن میں سامنے آئیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان میں بانی پی ٹی آئی کے 190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ بھی شامل ہوگا۔ رانا ثناء اللّٰہ نے واضح کیا کہ ان کیسز کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے، جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ بیک چینل رابطے جاری ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ ڈیڈ لائن اور وارننگ دینے کا رویہ ترک کرے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف فیصلے کا اثر مذاکرات پر پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی عدالتی تحقیقات ضروری ہیں، کیونکہ ملٹری کورٹ میں ملزم کو مناسب دفاع کا موقع نہیں ملتا اور سویلین عدالت کی سزا کی زیادہ ساکھ ہوتی ہے۔