پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹر میں شہریوں کا گھنٹوں طویل انتظارکا سلسلہ ختم ہو گیا اور اب پاسپورٹ و شناختی کارڈز بنوانا چند منٹوں میں ممکن ہو گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکراچی میں پاسپورٹ آفس عوامی مرکز اور نادرا سینٹر ڈیفنس کا دورہ کیا اور وہاں آئے شہریوں سے ملاقات کی۔ شہریوں نے پاسپورٹ اور شناختی کارڈز بنانے کے عمل کی سادگی اور تیزی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نےیقین دہانی کرائی کہ شہریوں کو اب پاسپورٹ حاصل کرنے میں تاخیر نہیں ہوگی اور یہ عمل وقت پر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے نادرا سینٹر میں شناختی کارڈز کے بعض مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے ہدایات بھی جاری کیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹرز کے عملے کو سراہا اور ان کی کارکردگی پر انہیں شاباش دی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نادرا سینٹر ڈیفنس میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی ہدایات دیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے وہ مسلسل پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹرز کا دورہ کر رہے ہیں اور کراچی میں نئے نظام پر شہریوں کا اطمینان خوش آئند ہے۔