پشاور: سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ مقدمات انتقامی کاروائی ہیں، ریاستی طاقت کا ناجائز استعمال ہو رہا ہے۔
انہوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ دہشت گردی اور دیگر مقدمات کے علاوہ جتنے کیسز ہمارے خلاف درج کیے جا رہے ہیں، ان دفعات کی اہمیت ختم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدمات سراسر انتقامی کارروائیاں ہیں اور عوام بھی جانتے ہیں کہ ان کے پیچھے سیاسی انتقام ہے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، لیکن ان کیسز کے بعد افسوس ہوتا ہے کہ ریاست اپنے پاور کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویلین ملٹری کورٹ میں ٹرائلز ہو رہے ہیں، جو آئین کے خلاف ہے اور آئین ہمیں پرامن احتجاج کرنے کا حق دیتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف کوئی بھی اشتعال انگیز کارروائی نہیں ہوئی، اور ان کی جدوجہد ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہے۔ اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ لا قانونیت کا سلسلہ بند کیا جائے، پی ٹی آئی کے بانی کو فوری طور پر رہا کیا جائےاورعدالتوں پر پریشر ختم کیا جائے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ حکومت فارم 45 کی حکومت ہے، اور ان کے مطالبات کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔