ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہےجبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں صبح کے وقت مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائی رہنے کی توقع ہےجبکہ مری اور گلیات میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد میں موسم سرد اور صبح کے وقت مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔
سندھ میں سکھر، شکارپور، کشمور اور خیرپور میں دھند چھائی رہ سکتی ہےجبکہ دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ بلوچستان میں بھی بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گاجبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی متوقع ہے۔