ترجمان دفتر خارجہ نے 9 مئی کے مجرموں کو ملٹری کورٹس سے سزائوں کے حوالے سے بیانات پر اپنا ردِعمل دیدیا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے حالیہ فوجی عدالتوں کے فیصلوں پر بیانات کے بارے میں وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے تمام بین الاقوامی انسانی حقوق کے عہدوں کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کا قانونی نظام بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین سے ہم آہنگ ہے، جن میں بین الاقوامی معاہدہ برائے شہری اور سیاسی حقوق (ICCPR) کی دفعات شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے قانونی نظام میں اعلیٰ عدالتوں کے ذریعے عدالتی جائزہ لینے کے طریقہ کار کی گنجائش ہے اور اس نظام میں انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے فروغ اور تحفظ کی ضمانتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ حالیہ فیصلے ایک قانون کے تحت کیے گئے ہیں جو پاکستان کی پارلیمنٹ نے بنایا ہے اور یہ فیصلے پاکستان کی سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو فروغ دینے کے لیے تعمیری اور مثبت مکالمے پر یقین رکھتا ہے اور ہم جی ایس پی پلس اسکیم اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے بنیادی معاہدوں کے تحت ذمہ داریوں کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بین الاقوامی شراکت داروں، بشمول یورپی یونین کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کو بغیر کسی امتیاز اور دہری پالیسیوں کے نافذ کرنے کے لئے یورپی یونین سے تعاون برقرار رہے گا۔