پشاور: پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص نے کہا ہے کہ ہماری طرف سے سول نافرمانی کی تحریک اتوار کے بعد سے شروع ہوچکی ہے، اس کیلئے فیتہ کاٹ کر کوئی افتتاح نہیں کیا جانا۔
آزاد ڈیجیٹل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جب کہہ دیا کہ سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنی ہے تو اس میں کوئی شک باقی نہیں رہتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریکیں جب شروع ہوتی ہیں تو انہیں کسی باقاعدہ افتتاح کی ضرورت نہیں ہوتی۔
شیخ وقاص نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جاری مذاکرات کے بارے میں کہا کہ یہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں اور ایک دو دور مکمل ہونے کے بعد ہی یہ پتہ چل سکے گا کہ حکومت ان مذاکرات میں کتنی سنجیدہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذاکراتی ٹیم کی عمران خان سے ملاقات بہت ضروری ہے۔
شیخ وقاص نے حکومت میں بعض افراد پر تنقید کی اور کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں۔ انہوں نے خواجہ آصف پر بھی تنقید کی کہ ایک طرف مذاکرات شروع ہوچکے ہیں اور دوسری طرف وہ غیرسنجیدہ باتوں سے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔