انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی پوزیشنز کو اپڈیٹ کیا گیا ہے۔
ٹیسٹ رینکنگ میں بیٹرز کی فہرست میں انگلینڈ کے جو روٹ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ ان کے ہم وطن ہیری بروک دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی دکھا کر ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔ بابراعظم نے بھی اپنی رینکنگ میں بہتری لائی، وہ دو درجے ترقی کے ساتھ 15 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے ایک ایک درجہ ترقی کے بعد بالترتیب 18 ویں اور 19 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمرا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ پاکستان کے نعمان علی نے بھی شاندار پیش رفت کرتے ہوئے 9 ویں نمبر پر قبضہ جما لیا۔
ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کے بابراعظم کا راج قائم ہے۔ 795 پوائنٹس کے ساتھ وہ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ بھارت کے روہت شرما، شبمن گل اور ویرات کوہلی بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقا کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان پاکستانی بیٹر صائم ایوب نے 57 درجے ترقی کی اور اب وہ 24 ویں پوزیشن پر آچکے ہیں۔ محمد رضوان نے بھی تین درجے ترقی کے بعد 21 ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔
بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر ہیں۔ بھارت کے کلدیپ یادیو دو درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی ایک درجہ نیچے تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے محمد نبی نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ سکندر رضا دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ افغانستان کے عظمت اللہ عمر زئی نے پانچ درجے ترقی کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔