واشنگٹن: دو صدیوں سے زائد کے انتظار کے بعد سفید سر اور گردن والے عقاب کو سرکاری طور پر امریکا کا قومی پرندہ تسلیم کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ عقاب جسے بالڈ ایگل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے امریکی تاریخ میں قومی علامت کے طور پر پہچانا جاتا رہا ہے۔ تاہم کانگریس کی جانب سے ایک حالیہ بل کی منظوری کے بعد اسے قانونی طور پر امریکا کا قومی پرندہ قرار دے دیا گیا۔
صدر جو بائیڈن نے کرسمس کے موقع پر اس بل پر دستخط کیے جس کے نتیجے میں یہ شکاری پرندہ باضابطہ طور پر قومی اعزاز کا حامل ہو گیا۔
بالڈ ایگل کو 1782 میں پہلی بار امریکی قومی نشان کے طور پر نامزد کیا گیا تھا اور تب سے یہ امریکی کرنسی، صدارتی پرچم، اور سرکاری دستاویزات پر ایک نمایاں علامت کے طور پر موجود رہا ہے۔ تاہم اسے قومی پرندہ تسلیم کرنے کا عمل قانونی طور پر مکمل نہیں ہوا تھا جو اب کانگریس کے بل کی منظوری کے بعد مکمل ہو گیا ہے۔
نیشنل برڈ انیشی ایٹو کے شریک چیئرمین جیک ڈیوس نے کہا کہ یہ فیصلہ تاریخی ہے۔ بالڈ ایگل دو سو پچاس سال سے ہماری قومی علامت ہے لیکن اب یہ سرکاری طور پر قومی پرندہ بن گیا ہے جو اس اعزاز کا سب سے زیادہ مستحق ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بالڈ ایگل ایک وقت میں معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار تھالیکن 2009 کے بعد سے اس کی آبادی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو تحفظ کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اب یہ پرندہ نہ صرف امریکا کی علامت ہے بلکہ اس کی بقا کی کامیابی کی ایک اہم مثال بھی ہے۔