خیبرپختونخوا میں تین الگ الگ آپریشنز میں تیرہ خوارج جہنم واصل کردیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پرسیکورٹی فورسز کی جانب سے ضلع بنوں کے عام علاقے جانی خیل میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام پر مؤثر کاروائی کی ۔کاروائی کے نتیجے میں دو خوارج جہنم واصل ہوئے۔
انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک اور آپریشن ضلع شمالی وزیرستان میں کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ خوارج کو جہنم واصل جب کہ آٹھ خوارج زخمی ہوئے ۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادر افسر میجر محمد اویس (عمر: 31 سال، ساکن ضلع نارووال) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ 33 سالہ میجر محمد اویس شہید کا تعلق ضلع نارووال سے ہے۔ میجر محمد اویس شہید نے 10 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا ۔میجر محمد اویس شہید نے سوگواران میں اہلیہ ایک بیٹا، والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔
ضلع جنوبی وزیرستان میں ہونے والے تیسرے مقابلے میں سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے چھ خوارج کو جہنم واصل کیا جبکہ آٹھ خوارج زخمی ہوئے۔ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے صفائی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔