پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان کی پوری ٹیم 211 رنزپر ڈھیر، جنوبی افریقہ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنا لئے۔
جنوبی افریقہ کو اب بھی پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے 129 رنز درکار ہیں اور اس کی سات وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
سینچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور شان مسعود نے کیا۔
پاکستان کی جانب سے کامران غلام 54 رنز بنا کرنمایاں رہے، عامر جمال 28، محمد رضوان 27، کپتان شان مسعود 17، سعود شکیل 14، صائم ایوب 14، خرم شہزاد 11، بابر اعظم 4 ہی بنا سکے، نسیم شاہ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ محمد عباس 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی پوری ٹیم 211 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا اور پانچ وکٹیں حاصل کیں، کوربن بوش بھی پیچھے نہ رہے انہوں نے چار پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارکو جینسن کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
ٹیسٹ میچ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنائے ، ایڈن مارکرم 47 اور کپتان ٹیمبا بووما چار رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، تین سال بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے محمد عباس نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا جبکہ خرم شہزاد کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔