وزیراعظم نے گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیدیا

وزیراعظم  نے گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیدیا

وزیراعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گھریلو صارفین کی جانب سے گیس سپلائی میں کمی کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں گیس سپلائی کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ اس وقت سسٹم میں سرپلس آر ایل این جی موجود ہے، جس کی بدولت گیس لوڈ مینجمنٹ میں پچھلے سال کی نسبت بہتری آئی ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس سال گیس لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ گزشتہ سال کی نسبت کم ہےاور گھریلو صارفین کو صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاور سیکٹر کو بھی گیس ڈیمانڈ کے مطابق فراہم کی جا رہی ہے جبکہ صارفین کی شکایات کے حل کے لیے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی کے آن لائن ڈیش بورڈز کام کر رہے ہیں۔
ایس این جی پی ایل کی شکایات کو حل کرنے کی شرح 93 فیصد اور ایس ایس جی سی کی شکایات کو حل کرنے کی شرح 79 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ مزید برآں اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملک کی تمام گیس فیلڈز فعال ہیں اور گیس کی فراہمی میں کوئی بڑا تعطل نہیں آ رہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے دوران گھریلو صارفین کی گیس سپلائی میں کمی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی فوری طور پر یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم کی ساخت میں اصلاحات لائی جائیں تاکہ اس مسئلے کا مستقل طور پر حل کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *