پاکستان میں گیس بحران کے خاتمہ کیلئے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گیس سپلائی کا اہم معاہدہ طے پا گیا۔
یہ معاہدہ پاکستان اسٹیٹ آئل اور آذربائیجان کی سوکار کمپنی کے درمیان گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ کی سطح پر ہوا، اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد دونوں ممالک کے درمیان گیس سپلائی کا معاہدہ ہو گیا۔
پی ایس او نے تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھجوائی ہیں ، تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل اور سوکار کمپنی سے معاہدے کی منظوری 24 دسمبر کو موصول ہوئی ہے۔
وزارت توانائی نے پاکستان اسٹیٹ آئل کو معاہدے پر دستخط کی اجازت تین دسمبر کو دی تھی۔ مراسلے کے مطابق پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان معاہدہ توانائی کے شعبے میں بڑا قدم ہے اور یہ گیس سپلائی معاہدہ مقررہ وقت میں مکمل کرنے کا اعادہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ملک میں گیس کی کمی ہے جس کی وجہ سے صارفین کو گیس تین مختلف اوقات میں کم وقت کے لئے فراہم کی جاتی ہے، آذربائیجان سے گیس کی سپلائی سے اس بحران پر قابو پایا جا سکے گا۔