خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کی تحصیل ٹوپی میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی تعمیر میں 73 لاکھ 47 ہزار 879 روپے کی کرپشن ثابت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبر پختونخوا کو ضلع صوابی میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ہملیٹ تحصیل ٹوپی کے تعمیراتی کام میں بے ضابطگیوں و غبن سے متعلق شکایت موصول ہوئی تھیں۔ شکایت میں بدعنوانی اور اختیارات کے غلط استعمال کے ساتھ ساتھ کلاس رومز، واش رومز وغیرہ کی تعمیر کے لیے مختص سرکاری فنڈز میں غبن کے الزامات لگائے گئے تھے۔انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبر پختونخوا کی خصوصی تحقیقاتی ونگ نے شکایت پر انکوائری شروع کی۔
اس حوالے سےدستیاب دستاویزات کے مطابق منصوبے میں 9 کلاس رومز، پانچ واش رومز، پہلی منزل پر سیڑھیوں کی تعمیر ، سولر سٹم اور ایکسٹرنل الیکٹریفیکیشن شامل تھا۔ تاہم انکوائری رپورٹ کے مطابق موقع پر صرف 7 کلاس رومز بنائے گئے اس کے علاوہ کوئی واش روم، کوئی سیڑھیاں، کوئی سولر سسٹم نہیں اور بیرونی الیکٹریفیکیشنز نہیں کی گئی۔
نقصان کا کل تخمینہ 73 لاکھ 47 ہزار 879 روپے ہے جس کو مذکورہ ایگزیکٹو انجینئر اور ٹھیکیدار سے وصول کرکے صوبائی خزانے میں جمع کر وا دیا گیا ہے۔