پنجاب میں ای ٹیکسی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ ،بیروزگار افراد کے لیے روزگار کے مواقع

پنجاب میں ای ٹیکسی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ ،بیروزگار افراد کے لیے روزگار کے مواقع

 محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے ای ٹیکسی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا ہے۔

اس حوالے سے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں دیوان گروپ اور این آر ٹی سی سمیت مختلف الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی اور محکمہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کمپنیوں نے ای ویکلز کی تیاری، ڈیزائن، اور ان کی خصوصیات پر تفصیلی بریفنگ دی اور پنجاب میں ای ٹیکسی منصوبے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے اس منصوبے میں دلچسپی لینے پر کمپنیوں کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق بیروزگار افراد کے لیے معاشی مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ای ٹیکسی کے لیے ایسی گاڑیاں فراہم کی جائیں جو اعلیٰ معیار پر پورا اتریں اور عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کی گئی ہوں۔ ای ٹیکسی منصوبے کے آغاز سے نہ صرف بے روزگاری کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی بھی ممکن ہوگی۔

حکام کے مطابق اس منصوبے پر مزید پیش رفت کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو جلد از جلد اس جدید سہولت سے مستفید ہونے کا موقع ملے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *