پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو اگر ہائوس اریسٹ کرنے کی پیشکش ہوئی تو وہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق شیر افضل مروت نےنجی ٹی وی کیساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ عوام میں اگر تاثر جائے کہ عمران خان ڈیل کے ذریعے ہائوس اریسٹ ہوئے ہیں تو عمران خان ایسا ہرگز نہیں چاہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج انتخابی نتائج کی واپسی کیلئے ہے۔ وہ مذاکرت میں یہ کہہ سکتے ہیں کہ احتجاج سے زیادہ فوکس عدالتوں پر کرلیں تو سوچا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے مذاکرات کی بات کی تو خواجہ آصف نے اسے ہوا کا تازہ جھونکا قرار دیا تھا۔ انہیں نواز شریف سے پوچھنا چاہئے جنہوں نے مذاکراتی کمیٹی بنائی۔ خواجہ آصف کو نہیں بھولنا چاہئے کہ وہ اقتدار میں بیٹے ہیں اور پی ٹی آئی اپوزیشن میں بیٹھی ہے۔ حکومتی جماعتوں کو سوچنا چاہئے کہ مذاکرات پی ٹی آئی کی مجبوری یا کمزوری نہیں ہیں۔ خدارا پاکستان کا سوچا جائے ، ہم بھگت رہے ہیں اور ہمارے اندر اب بھگتنے کی صلاحیت پیدا ہوچکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان بھی 500 سے زیادہ دن جیل میں گزار گیا، مزید بھگتنے کو تیار ہیں۔تاہم جو حشر سیاست، اداروں اور عدلیہ کا ہوا ہے۔ پاکستان میں بے یقینی کی صورتحال ہے، معیشت قرضوں پر کھڑی ہے۔ہمیں ان چیزوں کا بھی سوچنا چاہئے اور اپنی زبان کو قابو میں رکھنا چاہئے۔معاملات کو ملک کے بہتر مستقبل کیلئے سُدھارنا چاہئے۔