اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے بینک فراڈ کے 31 متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے بینکنگ محتسب کے فیصلوں کے خلاف دائر 31 درخواستوں پر فیصلے کر دیے، جس کے تحت چھ بینکوں کو متاثرین کو 24.136 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایت کی۔ ان فیصلوں سے متاثرین کو فوری انصاف فراہم کیا جائے گا۔
بینک آف پنجاب کو فراڈ سے متاثرہ 3 صارفین کو 23 لاکھ سے زائد رقم واپس کرنے کا حکم دیا گیا۔ یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کی 12 درخواستیں مسترد کرتے ہوئے اسے 1 کروڑ 15 لاکھ روپے واپس کرنے کی ہدایت کی گئی۔ مسلم کمرشل بینک کے 10 صارفین کو 52 لاکھ روپے سے زائد رقم واپس کرنے کا حکم دیا گیا جبکہ الائیڈ بینک لمیٹڈ کے پانچ کیسز بھی خارج کر دیے گئے اور اسے 40 لاکھ روپے سے زائد واپس کرنے کی ہدایت کی گئی۔
حبیب بینک لمیٹڈ اور عسکری بینک لمیٹڈ کو بھی متاثرہ صارفین کو رقم واپس کرنے کی ہدایت کی گئی۔
متاثرین سے دھوکہ دہی کے ذریعے بینک کی حساس معلومات حاصل کر کے ان کے اکاؤنٹس سے رقوم نکالی گئی تھیں۔ صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ شہریوں کو فوری انصاف فراہم کرتا ہے اور انہیں طویل قانونی طریقہ کار سے بچاتا ہے۔