خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشنگوئی

خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشنگوئی

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقے سرد اور خشک رہیں گےتاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب، خیبرپختونخوا کے زیادہ تر میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کے ساتھ صبح کے اوقات میں شدید کورا پڑنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: رجب المرجب کا چاند یکم جنوری کو نظر آنے کا امکان

صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی پڑنے کی توقع ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، باجوڑ اور گردونواح میں ہلکی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

صبح کے اوقات میں صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سرد موسم اور صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں جیسے سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، جہلم، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، فیصل آباد، جھنگ، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہےاور یہاں کہیں کہیں بارش بھی ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، خیر پور، موہنجو دارو اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت بھی ریکارڈ کیا گیا، جس میں لہہ میں منفی 13، گوپس میں منفی 10، اسکردو میں منفی 9، گلگت میں منفی 7، استور اور ہنزہ میں منفی 6، اور کالام اور قلات میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *