روزگار کے لیے ناروے جانے والے غیر ملکیوں کیلیے ناروے کے حکام نے سیزنل ورک ویزا سسٹم کو اپڈیٹ کیا ہے اور یہ تبدیلیاں 2025 سے نافذ العمل ہوں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ درخواست دہندگان کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ ناروے میں ملازمت حاصل کریں اور انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ جیسے ہی انہیں روزگار ملے، وہ اپنی درخواست جمع کروانے کا عمل شروع کریں۔
ناروے میں قیام کے دوران رہائش، آمدنی کی ایک مخصوص حد، صحت اور انشورنس کا انتظام کرنا لازمی ہوگا۔
مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ناروے کا سیزنل ورک ویزا پروگرام جو ہزاروں غیرملکی مزدوروں کو ملازمت کے مقاصد کے لیے ناروے آنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اس میں نئے قواعد شامل کیے گئے ہیں جو نئے سال کے آغاز سے نافذ کردیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ نئے قوانین کے تحت درخواست کے لیے اہلیت، اس کے تقاضوں اور ان ملازمتوں کی اقسام پر اثر انداز ہوںگی جو اس اسکیم میں شامل ہیں۔
یہ پروگرام کچھ خاص قسم کے مزدوروں پر لاگو ہوگا اور ویزا کے حاملین کو دوبارہ درخواست دینے سے پہلے کم از کم 6 ماہ ناروے کی حدود سے باہر گزارنا ہوں گے۔
اس ویزا اسکیم میں ہر قسم کی کیٹیگری کے مزدور درخواست نہیں دے سکتے جیسا کہ کارپینٹر، پینٹنگ اور دیگر ایسے پیشوں سے وابستہ افراد اس کے اہل نہیں ہوں گے لیکن ایسے درخواست دہندگان جو سیزنل ڈیمانڈ سے متعلقہ کردار رکھتے ہیں، فصلیں کاٹنا، درخت لگانا، لکڑی کاٹنے کے کام، سیاحت اور تعمیرات کے شعبے کی ملازمتوں کے خواہشمند اس اسکیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔