گوگل نے اینڈرائیڈ فونز کے لیے ایک نیا اور انقلابی سیکیورٹی فیچر متعارف کرایا ہے جس کا نام ’’تھیف ڈیٹیکشن لاک‘‘ ہے، جو چوری کے دوران آپ کے موبائل کو محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کو چوروں سے تحفظ فراہم کرنا ہے، اور یہ چوری کی واردات میں فوری طور پر ایکشن لیتا ہے۔
’’تھیف ڈیٹیکشن لاک‘‘ میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کی مدد سے الگورڈمز استعمال کیے گئے ہیں جو چوری کی صورت میں موبائل فون کو خود بخود لاک کر دیتے ہیں۔ اس فیچر کی مدد سے نہ صرف آپ کا فون لاک ہو جائے گا، بلکہ اس میں موجود ایپس بھی چوروں کے لیے بند ہو جائیں گی۔ مزید یہ کہ اگر فون کو چوری کے بعد کہیں دور سے لاک کرنا ہو، تو آپ اسے ریموٹلی بھی کر سکتے ہیں۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر برازیل میں بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہوگا اور اس کے بعد اسے دیگر ممالک تک پہنچایا جائے گا۔ گوگل نے اس فیچر کو اینڈرائیڈ 10 اور اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹمز کے لیے متعارف کرایا ہے، تاکہ زیادہ تر صارفین اس کا فائدہ اٹھا سکیں۔
اس فیچر کی بدولت اب موبائل چوری کا خوف کم ہو جائے گا اور صارفین اپنے فون کی سیکیورٹی کے بارے میں زیادہ پراعتماد محسوس کریں گے۔