وزیراعظم شہباز شریف نے پانچ سالہ قومی اقتصادی پلان “اڑان پاکستان” کا اعلان کر دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے پانچ سالہ قومی اقتصادی پلان “اڑان پاکستان” کا اعلان کر دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں وفاقی وزرا اور چاروں صوبوں کے نمائندوں کی موجودگی میں پانچ سالہ قومی اقتصادی پلان “اڑان پاکستان” کا اعلان کر دیا۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، گورنر خیبرپختونخوا اور چاروں صوبوں سے نمائندے شریک ہوئے۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی تقریب میں موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے دوران ’اڑان پاکستان‘کے لوگو اور کتاب کی بھی باقاعدہ رونمائی کی گئی۔

وزیراعظم نے اہم اقتصادی پلان “اڑان پاکستان” کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ آج اڑان پاکستان پروگرام کا آغاز پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ اس پروگرام کا محور ’برآمدات پر مبنی ترقی‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام آ چکا ہے اور اب وقت ہے کہ ہم معاشی ترقی کی سمت میں آگے بڑھیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے ہمیں کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ملک کی معیشت میں پائیدار ترقی ہو سکے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب اتحادی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا لیکن حکومت نے فیصلہ کیا کہ ہم سیاست نہیں، ریاست کو بچائیں گے۔

مزید پڑھیں: گوادر کا نیا ائرپورٹ پاک چین دوستی کی عظیم مثال ہے، شہبازشریف

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا لیکن اس کے باوجود معاشی استحکام حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ملکیتی اداروں نے گزشتہ 10 سالوں میں 6 کھرب کے نقصانات کیے، جس کی وجہ سے ہمیں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ایک اور پروگرام لینا پڑا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور باصلاحیت افراد سے مالامال ہے اور ہمیں ماضی کی شکایات سے نکل کر ترقی کی جانب قدم بڑھانے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ رونے دھونے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، ترقی کے لیے آگے بڑھنا ہوگا اور ملک کی ترقی کے لیے مضبوط اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ اڑان پاکستان پروگرام کا مقصد اقتصادی ترقی کو مستحکم کرنا، معاشی اصلاحات کی تکمیل، اور ملک کو خودمختار بنانا ہے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر ایک طاقتور معیشت کے طور پر ابھرے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کیلئے 2025 کیسا رہے گا،کیا رہائی ممکن؟ ماہر علم نجوم سامعہ خان کی بڑی پیش گوئی

پاکستان نے 24 سال بعد مالی سال میں سرپلس حاصل کیا، محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اُڑان پاکستان کی افتتاحی تقریب میں اپنے خطاب میں کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے معاشی استحکام انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے ملک میں مائیکرو اکنامک استحکام کی کامیابی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے، جو 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری میں تیزی آ رہی ہے اور اسٹاک مارکیٹ کی بہترین کارکردگی کی بدولت وہ دنیا کی دوسری بڑی اسٹاک مارکیٹ بن گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان نے 24 سال بعد مالی سال میں سرپلس حاصل کیا ہے۔

وزیراعظم کی دلیرانہ قیادت کی بدولت پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کی استحکام کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی دلیرانہ قیادت کی بدولت پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی محنت اور بہادری کو بھی سراہا۔

اُڑان پاکستان کی کامیابی پاکستان کی معیشت کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اڑان پاکستان پلان کو قومی ترقی کا ایک جامع اور اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نون لیگ کی حکومت نے 2013 میں ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا اور اب ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس پلان کی کامیابی پاکستان کی معیشت کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *