آزاد کشمیر کے محکمہ تعلیم نے موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم نے علاقے میں سخت سردی اور موسم کی شدت کے پیش نظر اسکولوں میں تعطیلات میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق موسم سرما کی تعطیلات میں 4 جنوری 2025 تک توسیع کی گئی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا، جس سے طلباء اور اساتذہ کو مزید آرام دہ اور محفوظ تعطیلات کا موقع ملے گا۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ کیا تھا۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے ایک اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق اب یکم جنوری کی بجائے تعلیمی اداروں کی تعطیلات 6 جنوری تک ہوں گی۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت اور موسم کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیلات میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ تعطیلات تمام تعلیمی اداروں پر لاگو ہوں گی اور طلباء و اساتذہ کو 6 جنوری تک چھٹیاں ملیں گی۔
محکمہ تعلیم سندھ نے موسم سرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے کے حوالے سے اعلان کر دیا۔ ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق صوبے بھر کے تعلیمی ادارے کل یعنی 1 جنوری 2025 سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔
واضح رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے 21 دسمبر سے 31 دسمبر تک موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد تمام تعلیمی ادارے بند رہے تھے۔ تعطیلات ختم ہونے کے بعد، سندھ کے تمام سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز کل سے دوبارہ کھل جائیں گے۔