کُرم میں امن کیلئے صوبائی حکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

کُرم میں امن کیلئے صوبائی حکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

کرم امن جرگے کی کامیابی پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا اہم بیان آگیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کُرم میں امن کیلئے کے لئے صوبائی حکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ آج فریقین کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ فریقین کے درمیان معاہدے پر دستخط کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے۔ اس اہم پیشرفت کا خیر مقدم کرتا ہوں اور تمام شراکت داروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ امید ہے یہ معاہدہ کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کےلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں: کُرم میں امن معاہدہ طے پاگیا، فریقین نے حکومتی معاہدے پر دستخط کر دیے

انہوں نے کرم کے مسئلے کے پر امن حل کےلئے کردار ادا کرنے پر علاقہ عمائدین، فریقین، جرگہ ممبران، کابینہ اراکین، متعلقہ سول وعسکری حکام کاشکریہ ادا کیا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ فریقین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر دستخط سے کرم کا زمینی راستہ کھلنے کی راہ ہموار ہوگئی۔ معاہدے پر دستخط کرنے پر فریقین کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔فریقین نے معاہدے پر دستخط کرکے علاقے میں امن کےلئے مثبت کردار ادا کیا جو قابل ستائش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ فریقین کے درمیان نفرت پھیلانے والے عناصر کےلئے ایک واضح پیغام ہے کہ علاقے کے لوگ امن پسند ہیں۔ فریقین سے اپیل ہے کہ وہ منافرت پھیلانے والے عناصر کومسترد کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ ہمار ی کوشش اور خواہش ہے کہ کرم کے عوام کو درپیش مسائل جلد حل ہوں اور وہاں معمولات زندگی بحال ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لڑائی اور تشدد کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، مسائل اور تنازعات ہمیشہ مذاکرات ہی سے حل ہوتے ہیں۔تشدد ہمیشہ تشدد کو جنم دیتا ہے جو نہ فریقین، نہ علاقے اور نہ حکومت کے مفاد میں ہے۔ہم سب ایک ہی مذہب کے ماننے والے ہیں، پر امن بقائے باہمی اور رواداری ہمارے مذہب کی بنیادی تعلیمات میں سے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشتون روایات میں بڑے سے بڑے مسئلے جرگے کے ذریعے حل ہوجاتے ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہم جرگوں اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے پائیدار حل کی طرف پیشرفت کر رہے ہیں۔ اس اہم پیشرفت پر کرم کے عوام کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔ کرم کے عوام کو درپیش مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے انہیں دور کرنے کےلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ علاقے میں امن ہوگا، تو ترقی بھی ہوگی اور عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *